روسی طیارہ افغانستان میں گر کر تباہ، 4 افراد زندہ بچ گئے

کابل :  افغانستان کے صوبے بدخشاں میں ایک روسی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں سوار4افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ،2مسافروں سمیت عملہ کے 4ارکان سوار تھے ،روسی ٹرانسپورٹ کمپنی روساویاتسیا نے کہا ہے کہ افغانستان میں جہاز گرنے کے واقعہ میں 4مسافر زندہ بچ گئے جن کی حالت انتہائی تشویشناک ہے دو مسافروں کے متعلق فی الوقت کوئی معلومات نہیں ہیں کہ آیا وہ زندہ ہیں یانہیں۔،اتوار کی صبح روسی ایوی ایشن کے حکام نے کہا تھا کہ اس کا ایک رجسٹرڈ طیار ہ 6مسافروں سمیت افغانستان میں لاپتہ ہو گیا ہے۔

روسی ایوی ایشن کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 1978 میں تیار کردہ فرانسیسی ساختہ طیارہ ڈی ایف ٹین ایک چارٹرڈ ایمبولینس تھا جو انڈیا سے ازبکستان کے راستے ماسکو جا رہا تھا۔اتوار کو افغان میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ایک بھارتی طیارہ بدخشاں کے ضلع زیبک میں توپخانہ کے پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا ہے۔بھارت کی وزارتِ ہوابازی نے سوشل میڈیا پورٹل X پر ایک پوسٹ کے ذریعے واضح کیا ہے کہ یہ طیارہ بھارت کا نہیں ہے اور نہ ہی یہاں رجسٹرڈ ہے۔ یاد رہے طیارہ بدخشاں صوبے میں گر کر تباہ ہوا جس کی سرحد چین، تاجکستان اور پاکستان سے ملتی ہے ۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں کو علاقے میں روانہ کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں افغان وزارت ہوا بازی نے ایک بیان میں کہا تھاکہ ایک نجی طیارہ جس میں چھ روسی شہری سوار تھے جو بھارت سے تاشقند جا رہا تھا بدخشاں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ افغانستان کے وقت کے مطابق شام 7 بجے کے قریب پیش آیا۔این این آئی کےمطابق حادثہ طیارے کے ساڑھے 24 ہزار فٹ بلند پہاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں گرکر تباہ ہوا۔ اطلاعات کے صوبائی سربراہ انجینئرذبیح اﷲ آمیری کے مطابق انہیں مقامی لوگوں نے طیارہ حادثہ کی اطلاع اتوار کی صبح دے دی،

غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ روس کا چارٹرڈ طیارہ تھا جس میں عملہ کے چار اور دو مسافروں سمیت چھ افراد سوار تھے۔روسی شہری ہوابازی کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات ہی ایک طیارہ ( Dassault Falcon 10 ) لاپتہ ہوگیا تھا۔یہ چارٹرڈ طیارہ ایمبولینس کے طورپر پرواز کررہا تھا کہ اس کا رابطہ بندہوگیااور ریڈار سے ہٹ گیا۔ روسی حکام کے مطابق یہ ایک نجی طیارہ تھا جو ممکنہ طورپر افغان صوبہ بدخشاں میں پہاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔