خاندانی پارٹیوں سے خلاصی کے بغیر ترقی ممکن نہیں،سراج الحق

ٹیکسلا : امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ٹیکسلا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے ملک پر حکومت کرنے والے ملکی نظریے اور جغرافیہ کی حفاظت نہیں کر سکے، اقتدار کے حریص یہ لوگ اب پھر باریاں لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معدنیات کی دولت سے مالامال ملک آج غربت ،تنگدستی، بیروزگاری اور بیرونی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے جن کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اہل اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے، الحمدللہ جماعت اسلامی کی قیادت دیانتدار، مخلص اور اہل ہے اگر ہماری حکومت بنی تو ہم عافیہ صدیقی کو واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فلاحی پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملکی ترقی اور لٹیروں کے احتساب کیلئے ترازو کے نشان پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائیں۔جلسے سے این اے54 سے امیدوار شمس الرحمن سواتی، پی پی 12 عتیق الرحمن کاشمیری اور پی پی 13 محمد وقاص خان اور معروف کشمیری رہنما عبدالرشید ترابی نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پرامیر جماعت اسلامی واہ کینٹ ثاقب صدیقی، وحید حیدر شاہ، مولانا غلام سرور، راجہ حبیب الرحمٰن، رانا اویس منظور، عثمان غنی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مردان،سخاکوٹ،دیرپائین میں جلسوں ،ریلی اوراجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگریز کے دئیے گئے نظام، وی آئی پی کلچر، خاندانی پارٹیوں سے خلاصی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ 8 فروری قوم کے پاس غلطیاں سدھارنے کا دن ہے ترازو پر مہر لگا کر ملک کو نااہل اور نالائق اشرافیہ سے بچانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بار بار آزمائی ہوئی ناکام سیاسی جماعتوں اور باصلاحیت،دیانت دار جماعت اسلامی کا مقابلہ ہے، ہر شخص مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکومتوں کو بدعائیں دے رہاہے، سابقہ تینوں حکمران جماعتیں ناکام ثابت ہو چکی ہیں، ان کی حکومتوں میں پاکستان نے ترقی کی طرف نہیں تنزلی کی طرف سفر کیا ہے یہ تینوں پارٹیاں آئی ایم ایف کی غلامی اور عوام سے انتقام پر یقین رکھتی ہیں ،جماعت اسلامی صرف قوم کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل اب صرف جماعت اسلامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کامیاب ہوکر غیر ترقیاتی اخراجات کا خاتمہ کرے گی، بچت کو یتیموں اور معذوروں کی کفالت پر خرچ کریں گے، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم عام کریں گے۔ جماعت اسلامی سود کا خاتمہ کرکے معیشت کو اسلامی اصولوں پر استوار کرے گی۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن امید وار این اے 21 ،عاقب اسماعیل این اے 23 بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قوم ترازو پر مہر لگائے یہ امن، انصاف اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔