کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے قومی وصوبائی اسمبلی کے نامزد امیدواروں کے ہمراہ 8فروری کے عام انتخابات کے سلسلے میں جماعت اسلامی کی جانب سے شہرکے ساڑھے تین کروڑ عوام کے لیے منشورکراچی کا اعلان کردیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں شہریوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا اور اب اعتماد بڑھتا جارہا ہے۔ کراچی کے شہری قومی اسمبلی کی 22اور صوبائی اسمبلی کی 47نشستو ں پر ترازو نشان پر مہر لگاکر کامیاب کروادیں تو کوئی بھی جماعت اسلامی کے بغیر وفاقی و صوبائی حکومت نہیں بناسکے گا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے انتخابات میں بہترین افراد نامزد کیے ہیں جن میں ڈاکٹرز،علماء، وکلاء، انجینئرز موجود ہیں، امیدواروں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو ماضی میں منتخب ہوکر عوامی خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا منشور در حقیقت کراچی کے نوجوانوں،ماؤں بہنوں کا منشور ہے،اس کا بنیادی نقطہ یہ ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو پورا پاکستان آگے بڑھے گا۔ یہاں کا انفراسٹرکچر اور کراچی کے صنعتی ادارے ٹھیک ہوں گے تو ملک کی معیشت بہتر ہوگی۔امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 35 سال میں جن لوگوں کو کراچی نے مینڈیٹ دیا انہوں نے کراچی کو تباہ و برباد کیا، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ نے کراچی کے عوام کی پیٹھ پر چھرا گھونپا اور آبادی کم کی۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو سب سے پہلے کراچی کی آبادی درست کرے گی اورآبادی درست ہونے کے نتیجے میں قومی و صوبائی اسمبلی میں کراچی کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا اور وسائل بھی آبادی کے لحاظ سے ملیں گے۔ اس وقت کراچی میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع موجود نہیں ہیں،جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو سب سے پہلے سرکاری اسکول کو ماڈل اسکول بنائیں گے۔