راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ 8 فروری کو ووٹ پر پہرا دیں کیونکہ پچھلی بار ڈکیتی ہوئی تھی، ہر پولنگ سٹیشن سے نتیجہ لے کر آنا ہے۔گزشتہ روز چکری میں اپنے حلقے کےعوام سے خطاب کرتے ہوئےچوہدری نثار علی خان نے کہا کہ لوگوں آکر دیکھو کس طرح چکری والوں نے وفا کی، مجھے کسی پارٹی کے ٹکٹ کی ضرورت بالکل نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں آزاد الیکشن لڑنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں نے کام نہیں کیا تو بے شک کسی اور کو ووٹ دیں، میرے علاقے میں آج پل بھی ہیں اور بجلی بھی ہے۔انہو ں نے کہا کہ مخالفین نے ہمارے علاقے کی کوئی خدمت نہیں کی، میرے باپ دادا نے علاقے کی خدمت کی، اب میرا بیٹا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عزت عہدے سے نہیں لوگوں سے آتی ہے، پاکستان پر مشکل وقت ہے ، اوپر والا ملک کو حفاظت میں رکھے، عوام کی اجازت سے ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔