افغانستان (اُمت نیوز)افغانستان میں تباہ طیارے نے بھارت سے تاشقند جاتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود بھی استعمال کی۔
سول ایوی ایشن (سی اے اے) ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان صوبے بدخشاں میں گرنے والے روسی ایمبولینس طیارے نے پاکستانی حدود بھی استعمال کی تاہم پائلٹ نے کسی ایمرجنسی سے آگاہ نہیں کیا۔
دوسری جانب افغان وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق حادثے میں پائلٹ سمیت 4 مسافر زندہ بچ گئے، 2 لاپتا مسافروں کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ روسی ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارے میں ایک روسی مریضہ سمیت 6 افراد سوار تھے۔
روسی ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ طیارہ براستہ بھارت اور ازبکستان تھائی لینڈ سے روس جارہا تھا، ریڈار سے غائب ہونے سے پہلے پائلٹ نے فیول کم ہونے اور تاجکستان میں لینڈنگ کی کوشش کرنے کی اطلاع دی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔