غزہ : ( اُمت نیوز ) اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں، شمالی وجنوبی غزہ میں شدید بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹے میں 178 فلسطینی شہید 293 زخمی ہوئے جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 25 ہزار 105 ہوگئی ہے ۔
صیہونی فوج کی جانب سے خان یونس میں بمباری سے بڑےپیمانےپر شہادتوں کاخدشہ ہے جبکہ الشفا اور ناصر ہسپتال کوبھی نشانہ بنایا گیا ، 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں اب تک زخمی ہونیوالوں کی تعداد 62 ہزار تک پہنچ چکی ہے ۔
اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں جاری ہیں ، صیہونی فوج کے ہیبرون، جنین اور مقبوضہ بیت المقدس میں چھاپوں کے دوران متعدد شہری گرفتار کیے گئے۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطین اسلامک جہادنےصیہونی فورسز کےخلاف کارروائیاں تیز کردیں ، القدس بریگیڈز نے دعویٰ کیا کہ جنگجوؤں نے بوریج کیمپ کے نزدیک اسرائیلی فوجیوں پر حملے میں دوطرفہ فائرنگ کے تبادلےمیں 2 اسرائیلی فوجی جہنم واصل کردئیے، حملے میں متعدد صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے ۔