پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، موٹرویز مختلف مقامات سے بند

لاہور (اُمت نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جس کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اوکاڑہ، ساہیوال، کسووال، راجپوت نگر، خانیوال، ملتان، بہاولپور، لودھراں، اڈا شنال، موسیٰ والا، چنی گوٹھ، فرید آباد، مسلم چوک، کوٹ سبزل چیک پوسٹ سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

شدید دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے جس کی وجہ سے موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ، ایم 4 عبدالحکیم سے فیصل آباد اور ایم 5 کو ظاہر پیر سے اوچ شریف تک اور دیگر مقامات سے ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 130 یا ٹوئٹر سے مدد لی جا سکتی ہے۔