راولپنڈی: بلوچستان کےضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 22 جنوری کو پاکستان افغان سرحد کے قریب ضلع ژوب کے سمبازہ سیکٹر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سیکیورٹی فورسز نے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونیوالے دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا نتیجتاً 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کیخلاف دہشتگردانہ سرگرمیوں کیساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ ہلاک دہشتگردوں سے برآمد ہونیوالا اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔ علاقہ میں موجود دیگر دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔