مانسہرہ: مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم بننے نہیں، الیکشن لڑنے کے لئے آیا ہوں،پاکستان کے ساتھ بہت ظلم ہوا، ظالموں نے ستیاناس کردیا،مجھے نہ نکالا جاتا تو آج ہر گھرانہ خوشحال اورکوئی بے روزگار نہ ہوتا،جن لوگوں نے ملک کوبگاڑنا تھا وہ بگاڑ کرچلے گئے ،کے پی میں دس سال تک حکومت کرنے والوں نے کیا کیا؟لوگ ایک جھوٹےکے جھانسے میں کیسے آگئے، پاکستان کودوبارہ پٹڑی پر لانا آسان کام نہیں ،ن لیگ کی حکومت آئی تو مانسہرہ میں ایئر پورٹ بنے گا،ریلوے لائن بچھے گی ،میڈیکل یونیورسٹی اور واٹرسپلائی دیں گے۔
گزشتہ روز مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا 2013میں یہاں آیا تھا، آپ نوازشریف کو دیکھے بغیر اداس تو نہیں ہوگئے؟ ان لوگوں نے مجھے آپ سے کتنا دور کردیا، کبھی جیل،کبھی مقدمات، کبھی لندن اور کبھی کہیں اور، آج 10سال بعد نوازشریف آپ کے سامنے آچکا ہے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا والو ! آپ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے؟ بگاڑنے والوں کو ووٹ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے ہی دیا تھا، میں چھوٹی چھوٹی باتیں نہیں کررہا، چھوٹی چھوٹی سڑکیں تو ویسے ہی آپکا حق ہے، اللہ نے موقع دیا تو یہاں میڈیکل کالج بھی بنے گا اور یونیورسٹی بھی، گیس،پٹرول ،سبزیاں اور آلو مٹر بھی سستے ملیں گے۔
انہوں نے کہا آپکو روزگار اور اچھا مستقبل بھی ملے گا، نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپس ہوں گے۔مسلم لیگ(ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی کو بدعائیں نہیں دینا چاہتی،جو آج بھگت رہے ہیں ،وہ ان کا اپنا کیا دہرا اور اعمال کا نتیجہ ہے، جن کے پاس کارکردگی ہو، وہ کسی پر تنقید نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا خیبرپختونخوا میں ترقی کا دعویٰ کرنے والے آج کدھر ہیں؟ جو لوگ ملین ٹری سونامی کا نعرہ لگا کر آئے، وہ پہلے سے لگے ہوئے درختوں کی لکڑی بھی بیچ کر چلتے بنے، مجھے افسوس ہے اس انسان نے آپ کا بھلا نہیں سوچا، سابق حکمران صرف سیاسی مخالفین نہیں تھے بلکہ ذاتیات پر اترتے تھے۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں این اے 119 میں انتخابی مہم ٹیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 8 فروری کو ووٹ صرف نوازشریف اور شیر کو ملے گا، ہر طرف شیر کی آواز ہوگی، عاجزی سے کہتی ہوں کہ ملک وقوم کی خدمت کی ایک نئی تاریخ رقم کرنی ہے۔مزیدبرآں مریم نواز سے کوآرڈینیٹر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر راجہ فاتح محمود کیانی نے ملاقات کی۔