نئی دہلی: بھارت کے انتہاپسند وزیراعظم نریندر مودی نے انسانیت سے گری ہوئی حرکت کرتے ہوئے شہید بابری مسجد کے ملبے پر متنازعہ رام مندر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر شہر میں مسلمان شدید خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں میں محصور رہے، اپوزیشن جماعتوں نے تقریب کا بائیکاٹ کیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم مودی نے مندر کا افتتاح ’’پران پرتشٹھا‘‘ کی تقریب سے کیا جس میں مورتی نصب کر کے نقاب کشائی اور پوجا کی۔یاد رہے کہ 6دسمبر1992ء کو انتہاپسند ہندوؤں کے ہجوم نے بابری مسجدکو شہید کر دیا تھا، اس سانحہ کے بعد بھارت کے کئی شہروں میں مسلم کش فسادات ہوئے جن میں لگ بھگ 2ہزار مسلمانوں کو قتل کر دیا گیا تھا۔
مودی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن ایک نئے عہد کے آغاز سے عبارت ہے،آج سےہزار سال بعد بھی لوگ اس تاریخ کو یاد کریں گے۔تقریب میں جنونی ہندو رہنما،اداکار اور دیگر معروف شخصیات شریک ہوئیں۔ اپوزیشن جماعتوں اور ہندو فرقوں کے سینئر مذہبی رہنماؤں نے تقریب کا بائیکاٹ کیا۔کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نےسیاسی فوائد کیلئے مذہب کے استعمال کو پست حرکت قرار دیا۔بھارت بھر کے سرکاری اداروں میں آدھے دن کی چھٹی دی گئی۔راجستھان میں حکومت نے گزشتہ روز تمام ذبح خانے اور گوشت کی دکانیں بند کردیں۔ ایودھیا شہر کے خوفزدہ مسلمانوں نے اپنے بچوں اور خواتین کو پہلے ہی دوسرے شہروں میں رشتہ داروں کے پاس بھیج دیا۔
پاکستان نے شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر و تقدیس کی سخت مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زور دیاہے کہ وہ مسلمانوں اور ان کے مقدس مقامات اور دیگر مذہبی اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ بھارتی مسلمانوں کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی پسماندگی کیلئے جاری کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ شہید مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر بھارت کے جمہوریت کے چہرے پر دھبہ بنے گی،بھارت میں ہندوتوا نظریے کی بڑھتی لہر مذہبی ہم آہنگی اور علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔اقوام متحدہ اور دیگر متعلقہ بین الاقوامی اداروں کو بھارت میں اسلامی ثقافتی مقامات کو انتہا پسند گروہوں سے بچانے اوراقلیتوں کے مذہبی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمدنے کہا بابری مسجد کےملبے پر مندر بنانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔مودی ہمارے خطے کا نیتن یاہو ہے، پاکستان اس آزمائش کی گھڑی میں بھارتی مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔