آسٹریلیا نے "گولڈن ویزا” اسکیم ختم کردی

آسٹریلیا(اُمت نیوز)آسٹریلیا نے دولت مند سرمایہ کاروں کے لیے "گولڈن ویزا” اسکیم ختم کردی ہے, اس اسکیم کے تحت امیر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں رہنے کی اجازت حاصل تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریلوی سرکاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 2012 سے اب تک اس پروگرام کے ذریعے ہزاروں اہم سرمایہ کار ویزے (ایس آئی وی) جاری کیے جا چکے ہیں جن میں سے 85 فیصد کامیاب درخواست دہندگان چین سے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور جدت طرازی کو فروغ دینے کے طریقے کے طور پر اس اسکیم کو شروع کیا گیا تھا،امیدواروں کو اہل ہونے کے لئے آسٹریلیا میں 5 ملین آسٹریلوی ڈالر (2.6 ملین پاؤنڈ یا 3.3 ملین ڈالر) سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنا شرط تھی۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی حکومت، متعدد جائزوں کے بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ یہ اسکیم اپنے بنیادی مقاصد کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے،دسمبر سے جاری ہونے والی ایک پالیسی دستاویز میں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اس اسکیم کو ختم کردیا جائے گا اور اس کے بجائے "ہنرمند تارکین وطن” کے لیے مزید ویزے دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔