اسلام آباد(اُمت نیوز)سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے برطرف جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی، چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔
لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال الدین مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت شامل ہیں۔
سپریم کورٹ نے مقدمے کے فریقین کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز سابق آئی ایس آئی چیف جنرل (ر) فیض حمید نے اس حوالے سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرایا تھا، جس میں انہوں نے عدلیہ پر اثر انداز ہونے کے شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔
فیض حمید کے علاوہ سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ انور کانسی نے بھی جواب جمع کرایا اور شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
بریگیڈیئر (ر) عرفان رامے نے بھی اپنے جواب میں شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کی تردید کی ہے۔