افغان ڈرائیورز کو مہلت مل گئی، طورخم بارڈر کھول دیا گیا

افغانستان(اُمت نیوز)طورخم کی سرحدی گزرگاہ کو 10 روز بعد تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھول دیا گیا، جس کے بعد افغانستان سے پہلی کارگو گاڑی پاکستان میں داخل ہوگئی۔

کسٹم ذرائع کے مطابق افغان ڈرائیورز کو سفری دستاویزات بنانے کےلئے 31 مارچ تک مہلت دی گئی ہے، یکم اپریل سے بغیر سفری دستاویزات کے کارگو گاڑیوں کا پاکستان میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر کھولنے فیصلہ پشاور میں افغان قونصلر جنرل اور پاکستانی حکام کے درمیان طے پایا۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ کارگو گاڑیوں کے لئے سفری دستاویزات کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا تھا، جس پر 13 جنوری کو عمل درآمد شروع ہوا تو افغان حکام نے تجارت کے لئے سرحد بند کردی تھی۔