اسرائیلی فوج کی غزہ میں خون کی ہولی، مزید 200 فلسطینی شہید

 

غزہ ( اُمت نیوز)غزہ میں اسرائیلی فوج کی خونریز کارروائیاں جاری ہیں، صیہونی طیاروں نے خان یونس پر بمباری کر کے 65 فلسطینیوں کی جان لے لی۔

غزہ شہر کے الرمل محلے میں رہائشی اپارٹمنٹ پر بارود برسایا گیا، یرموک مارکیٹ میں بھی ایک گاڑی پر حملہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، شہدا کی مجموعی تعداد 25 ہزار 300 ہوگئی جبکہ 63 ہزار افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی گاڑیاں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کی طرف پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں کو بھی غزہ شہر اور اس کے شمال میں بمباری سے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے سے روک دیا ہے۔

ادھر صیہونی فورسز کی جانب سے ہیبرون، جنین اور مقبوضہ بیت المقدس میں چھاپے مار کر متعدد شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، عرب میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ میں 22 لاکھ افراد کو غذائی قلت کا سامنا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں حماس کو 60 روزہ جنگ بندی کی تجویز دے دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حماس تمام 130 یرغمال اسرائیلیوں کو رہا کرے۔

حماس نے بھی غزہ میں مکمل جنگ بندی اور تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔