بھارت نے ہٹ دھرمی کے بعد کرکٹر شعیب بشیر کو ویزا جاری کر دیا

لندن (اُمت نیوز) بھارت کی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی روز تنگ کرنے کے بعد پاکستانی نژاد انگلش کھلاڑی شعیب بشیر کو ویزا جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے نوجوان لیگ سپنر شعیب بشیر کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہونے کے باعث بھارت کی جانب سے ان کا ویزا روک لیا گیا تھا، بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بروقت ویزا نہ ملنے پر شعیب بشیر پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو کر دبئی سے واپس لندن چلے گئے۔

بھارت کا ویزا جاری ہونے کے بعد شعیب بشیر بھارتی شہر حیدر آباد میں انگلش ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں، انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے بھارت کے رویے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نوجوان کھلاڑی کے ساتھ ایسا کرنا انتہائی مایوس کن ہے۔

واضح رہے کہ شعیب بشیر سرے میں پیدا ہوئے اور وہاں ہی پلے بڑھے ہیں تاہم والدین کا تعلق پاکستان سے ہونے کے باعث شعیب بشیر کو بھارت کے ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، نوجوان کرکٹر دورہ بھارت کیلئے انگلش ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ تھے، بھارت کا ویزا جاری نہ ہونے پر انگلش ٹیم شعیب بشیر کے بغیر ہی بھارت روانہ ہو گئی۔

یاد رہے کہ پاکستان سے تعلق کی وجہ سے آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کو بھی گزشتہ سال تاخیر سے بھارتی ویزہ جاری کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ برس برطانیہ میں مقیم کم از کم دو پاکستانی نژاد صحافی بھی ورلڈ کپ کی کوریج سے محروم رہے۔