لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور لاہور کے حلقہ این اے117اور پی پی149کے علاوہ پی پی209خانیوال سے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دنیا دیکھے گی کہ پنجاب کو نا اہل اور کرپٹ ترین ٹولے کے حوالے کرنے والے خود اپنے انجام کو پہنچیں گے اور 8 فروری اُن کا یوم حساب ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم پلس کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے والوں نے سب سے بڑا ظلم یہ کیا کہ انہوں نے لوگوں سے اُن کی امیدیں چھین لیں ۔
عبدالعلیم خان نے این اے117شاہدرہ کی پراچہ کالونی اور پرانا راوی پل پر جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عام آدمی کے ساتھ ظلم و زیادتی کا خاتمہ ہونا چاہیے اور انہیں اُن کے بنیادی حقوق ملنے چاہئیں جس کے لئے شاہدرہ میں ترقی کے ساتھ ساتھ نئے اسکول اور کالجز اور اسپتال بنانا ہوں گے اور شہریوں کو ایسی آسائشیں دینا ہوں گی جس سے اس علاقے کو ڈیفنس اور گلبرگ کی طرح خوبصورت بنایا جا سکے۔عبدالعلیم خان سے شاہدرہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری واحد نے ملاقات کی اور اُن کے حق میں دستبردار ہونے اور اُن کی انتخابی مہم میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
سابق ناظم افضل بھولا اور شاہدرہ کی دیگر اہم شخصیات نے بھی عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم میں ساتھ چلنے کا وعدہ کیا۔ عبدالعلیم خان کو مداحوں نے عقاب، روائتی پگڑی اور گرم شال کے تحائف پیش کیے اور اُن کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔