اسلام آباد: نگران حکومت نے 11 ممالک کیساتھ دہشتگردی اور سنگین وارداتوں کے ملزمان کیخلاف قانونی معاونت کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے حوالے سےوفاقی کابینہ نے 11ممالک کے ساتھ باہمی بنیادوں پر معاونت دینے اور لینے کی منظوری دیدی ، وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے پاکستان کو بدنام کرنے میں ملوث بیرون ملک مقیم افراد کیخلاف بھی اسی بنیاد پر کارروائی ہوگی، امریکہ، برطانیہ اور روس کو مطلوب پاکستانی ملزمان کیخلاف قانونی تعاون کی منظوری دی گئی ہے،پولینڈ، میکسیکو اور ترکی کو سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کیخلاف قانونی تعاون کی منظوری دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشتگردوں کو فنڈنگ میں ملوث ملزمان کیخلاف افغانستان سے قانونی تعاون لینے اور متحدہ عرب امارات سے دہشتگردوں کو فنڈنگ کے ملزمان کیخلاف قانونی تعاون لینے کی منظوری دی گئی ہے،برطانیہ سے منشیات سمگلنگ میں ملوث ملزمان کیخلاف قانونی تعاون لینے کی منظوری دی گئی ۔ ان ممالک سے معاہدہ نہ ہونے کےباعث باہمی بنیادوں پر قانونی تعاون لینے اور دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔