ن لیگ،پیپلز پارٹی کرپشن کے سوا کچھ نہیں کرسکتیں،سراج الحق

کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےکہ کراچی کے عوام 8فروری کو پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو مسترد کردیں گے، ایم کیو ایم بھی قصہ پارینہ ہوچکی ہے، یہ ان کا آخری الیکشن ثابت ہوگا،کراچی کی بحالی اور ملک کی تعمیر و ترقی کا نشان صرف ترازو ہے، اب کراچی اس کے حقیقی وارثوں کا ہوگا، پی پی سندھ کو ٹھیک نہیں کرسکی تو پاکستان کو کیسے ٹھیک کرے گی۔

سابق حکمران چاہتے ہیں اب ان کی اولادوں کو موقع ملے۔مہران ہائی وے نزد ہسپتال چورنگی لانڈھی میں ’’ترازو کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک پر 25 سال مسلم لیگ،15سال پیپلزپارٹی نے سندھ پر حکومت کی، 35 سال ایوب خان سے جنرل مشرف جیسے جرنیلوں نے حکومت کی۔ان تمام لوگوں نے ملک پر طبقاتی نظام مسلط کیا۔ملک پر 80ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے، کبھی کہتے ہیں کہ قرض اتارو اور ملک سنوارو۔مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی امریکی غلامی اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں کرسکتیں۔

جماعت اسلامی کے پاس اقتدار نہیں اس کے باوجود ہم عوام کی خدمت کرتے ہیں۔ہم پاکستان میں ایسا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں انصاف کا بول بالا ہو،ہر بچے کو معیاری تعلیم، نواجوانوں کو عزت کے ساتھ روزگار،ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو عزت کے ساتھ جینے کے مواقع ملیں اورکرپشن، لوٹ مار، ظلم اور اغوابرائے تاوان نہ ہو۔