مظفرگڑھ:جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف کے پاس کھوکھلے دعوں کے سوا کچھ نہیں، ہم نے ایسا سیاستدان بھی دیکھا جس کے پاس معیشت تباہ کرنے کا ایجنڈا تھا۔ مولانافضل الرحمن نے کہا کہ اس ملک میں ایک بھی کام شریعت کے مطابق نہیں، وطن عزیز کو قرآن و سنت کا نظام چاہئے، اس ملک نے ایک سیکولر اسٹیٹ کا روپ دھار لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں غربت اور مہنگائی ہے، گھروں میں غربت ناچ رہی ہے، اس ملک میں ایسا حکمران دیکھا جس نے معیشت کی پوری عمارت گرا دی، فتنے کے دور میں معیشت زیرو پر چلی گئی، فحاشی عام کر دی گئی، اس فتنے کو شرم آنی چاہئے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ یہ ہمیں ریاست مدینہ کا بتاتا ہے، روز روز تجربے کرنے کا وقت نہیں رہا، آپ کے ہاتھ میں پرچی آئے گی، پرچی پر کتاب کا نشان ہو گا، آج نشان کتاب ہے کل ملک کے اندر نظام بھی کتاب اللہ کا ہو گا، قرآن و سنت کا نام لیتے ہیں تو لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ 2018 میں دھاندلی کی گئی، دھاندلی کے نتیجے میں ناجائز حکمران اس ملک پر براجمان ہوا، ہمارا کسی سے کوئی اتحاد نہیں، ہم نے مقامی تنظیموں کو اجازت دی ہے کہ وہ اتحاد کر سکتی ہیں۔