اسلام آباد(اُمت نیوز)مرکز السنہ و علوم ترجمہ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف پنجابی اینڈ کلچرل اسٹڈیز، پنجاب یونیورسٹیکے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب گذشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔معاہدے کی دستاویزات پر اوپن یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود جبکہ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے دستخط کئے۔معاہدے کے مطابق دونوں ادارے پنجابی لسانیات، پنجابی تراجم سمیت پنجابی زبان و ادب کے فروغ پر کام کریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ کمیونٹی کے فائدے کے لیے ایم او یوز پر بروقت عمل درآمد ضروری ہے۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون سے پنجابی ادب اور ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو فائدہ پہنچے گا۔. وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ یہ اشتراک پنجابی ادب کے فروغ اور تحفظ کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اوپن یونیورسٹی کے ساتھ مزید تعلیمی تعاون کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر ڈین، فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ، پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر غلام معین الدین نظامی، ڈائریکٹر، مرکز السنہ و علوم ترجہ، ڈاکٹر غلام علی، ڈائریکٹر، انسٹی ٹیوٹ آف پنجابی اینڈ کلچرل سٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔