راولپنڈی (اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جج، جیوری اور پراسیکیوشن سب ایک ہیں یہ میچ فکس ہے، عارف علوی کی کوئی نہیں سن رہا، نواز شریف مفرور ہے اس کو ریلیف پر ریلیف دیا جارہا ہے، میں 6 ماہ سے جیل میں ہوں، میری پارٹی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ہمارا حق چھینا جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدترین کریک ڈاؤن کے باعث عوام کا آزادی سے رہنے کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے، ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، میرے وکلاءٰ الیکشن لڑ رہے ہیں اس لیے آج عدالت میں پیش نہیں ہوسکے ہم کیس پوری طرح سے لڑیں گے پیر سے لیگل ٹیم جائے گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جج ، جیوری اور پراسیکیوشن سب ایک ہیں یہ میچ فکس ہے نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ 5 فروری سے قبل فیصلہ ہوجائے گا اور مجھے سزا ہو جائے گی، نجم سیٹھی کو یہ انفارمیشن کہاں سے ملی؟ نجم سیٹھی جہاں سے انفارمیشن لیتا ہے سب کو پتا ہے، عدالت نجم سیٹھی کو طلب کرے اور اس حوالے سے پوچھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عارف علوی کی کوئی نہیں سن رہا، نواز شریف مفرور ہے اس کو ریلیف پر ریلیف دیا جارہا ہے، میں 6 ماہ سے جیل میں ہوں، میری پارٹی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ہمارا حق چھینا جارہا ہے، ہماری نمائندگی سرکاری وکیل کیسے کرسکتے ہیں۔
نواز شریف اور آصف زرداری کے کیسز اوپن اینڈ شٹ ہیں، ان کو کوئی نہیں پوچھتا، میرے کیسز کا ٹرائل روزانہ ہورہا ہے۔