ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہوا، فائل فوٹو
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہوا، فائل فوٹو

ایم کیو ایم کی منزل اقتدارنہیں نظام کی تبدیلی ہے،ڈاکٹرخالد مقبول

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے آسان راستہ اختیارنہیں کیا کیونکہ ایم کیو ایم کی منزل اقتدارنہیں نظام کی تبدیلی ہے،پاکستان کا آئین خود کو اورعوام کو تحفظ دینے میں ناکام رہا،اس ناکامی کے اسباب ملک پرقابض اقتدارمافیا ہے جہاں کمزورمعاشرے ہوتے ہیں وہاں اقتدارمافیا اورظالم طبقوں کو تحفظ دینے کے قانون بنتے ہیں،

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حیدرآباد کے مقامی ہال میں انتخابی مہم کے حوالے سے عمائدین شہرکے اعزازمیں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب اراکین رابطہ کمیٹی سید سہیل مشہدی،سید وسیم حسین،دلاورقریشی ایڈووکیٹ،سندھ تنظیمی کمیٹی انچارج سلیم رزاق واراکین،ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسڑکٹ انچارج ظفراحمد صدیقی واراکین اورحیدرآباد سے نامزد حق پرست امیداواران قومی و صوبائی اسمبلی سید وسیم حسین،پروفیسر عبد العلیم خانزادہ،نسیم اختر،صابرحسین قائم خانی،راشد خان،کامران شفیق قریشی،ناصرحسین قریشی،ساجد مری بھی موجود تھے.

ڈاکٹر خالد مقبول نے مزید کہا کہ سیاست میں نظام کی تبدیلی پرعمل کرتے ہوئے ہم نے غریب بستیوں سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ہرعلاقے سے نمائندگی دی،ہم عوام دشمن نہیں نظام دشمن ہیں،ایم کیوایم چند لوگوں کیلئے نہیں بنی،الیکشن میں جیتنا بڑی بات نہیں،جیتنے کے بعد ہمارے راستوں پرنظررکھیئے گا اورہمارے گھراورہماری بدلتی گاڑیوں پرنظر رکھیئے گا،ہم نے کچھ سمجھوتے کئے،نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے،کچھ تاوان دیا اورجمہوریت کو بچانے کیلئے ووٹ دینگے۔