کراچی (اُمت نیوز)کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان میں تصادم ہوا ہے جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کا کارکن جاں بحق، جبکہ پیپلز پارٹی کا کارکن زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص فراز ایم کیو ایم کا کارکن ہے، جبکہ زخمی راؤ طلحہٰ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے۔
جھگڑا دونوں جماعتوں کی ریلیاں آمنے سامنے آنے پر ہوا۔کراچی، دو سیاسی جماعتوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق
تصادم کی ویڈیو سامنے آ گئی جس میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تصادم کے بعد مشتعل افراد نے 2 گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق مقتول فراز کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، جس کے سر پر ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن طحہٰ صدیقی نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمارے دفتر پر فائرنگ کی جس سے یو سی انچارج شہید ہو گئے۔
طحہٰ صدیقی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کر کے شہر پر قابض نہیں ہو سکتی۔