سپریم کورٹ،صحافیوں کیخلاف ایف آئی کے نوٹسز فوری واپس لینے کا حکم

اسلام آباد (اُمت نیوز) سپریم کورٹ میں صحافیوں کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کی جانب سے جاری نوٹسز سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت جاری ہے ۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے ، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ میں شامل ہیں ۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، صدر پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ عقیل افضل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ جن صحافیوں کو نوٹسز جاری کئے گئے وہ بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کتنے کیسز ہیں؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ یہ 4 درخواستیں ہیں جن میں قیوم صدیقی اور اسد طور درخواستگزار ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا جرنلسٹ ڈیفنس کمیٹی کے پاکستان بار کے نمائندے موجود ہیں؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جرنلسٹ ڈیفنس کمیٹی اب ختم ہو چکی۔

اس دوران وکیل حیدر وحید نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت کو آزادی اظہار رائے کو ریگولیٹ کرنے کا حکم دینے کی درخواست کی تھی، اس پر چیف جسٹس نے حیدر وحید سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست بعد میں دیکھیں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سب سے پہلے تو قیوم صدیقی بتائیں کہ کیس خود چلانا ہے یا پریس ایسوسی ایشن کے صدر دلائل دیں گے؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قدرت کا نظام دیکھیں کہ ہم نے ازخود نوٹس کورٹ نمبر 2 میں لیا لیکن معاملہ 5 رکنی بنچ کے پاس ازخود نوٹس کے اختیار کے لیے چلا گیا، 5 رکنی بنچ نے طے کیا کہ 184 (3) کا ازخود نوٹس لینے کا اختیار صرف چیف جسٹس کا ہے۔

انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ صحافیوں کی ہی نہیں، ججز کی بھی آزادی اظہار رائے ہوتی ہے۔

صحافی عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ میں کچھ حقائق سامنے رکھنا چاہتا ہوں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ نے تو کہا تھا کہ آپ اس کیس کو چلانا نہیں چاہتے؟

عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ جب معاملہ جسٹس اعجازالاحسن کے بینچ میں گیا تو کہا تھا کہ کیس نہیں چلانا چاہتا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے کیس نمٹانے کے بجائے 2021 سے سرد خانے میں رکھ دیا، بتائیں کہ تب کیا درخواست تھی آپ کی اور اب کیا ہے؟

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ‏بار بار کہہ رہا ہوں کب تک ماضی کی غلطیوں کو دہرائیں گے، ہم تو غلطیاں تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں، یہاں تو بس موقع دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ میں سب غلطیاں اپنے سر پر اُٹھاؤں، بالکل نہیں اُٹھائوں گا، مجھ سے غلطی ہوئی ہے تو مجھ پر اُنگلی اٹھائیں، اگر اُنگلی نہیں اٹھائی تو میری اصلاح نہیں ہو گی، تنقید کریں گے تو میری اصلاح ہوگی۔

چیف جسٹس نے اسد طور سے استفسار کیا کہ آپ پر تشدد ہوا، کیا اُن کا پتا چلا کہ کون لوگ تھے؟ کیا آپ ان کی شکلیں پہچان سکتے ہیں؟ اسد طور نے جواب دیا کہ جی بالکل، میں ان کی شکلیں پہچان سکتا ہوں، ‏دریں اثنا اسد طور نے درخواست واپس لینے کی استدعا کردی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ نے جھوٹا الزام لگایا ہے؟ اگر آپ پر دباؤ ہے تو ہم آپ کو پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے۔

اسد طور نے کہا کہ میں ایف آئی آر کو ’اون‘ کر رہا ہوں لیکن اس درخواست میں مجھے غیر ضروری طور پر شامل کیا گیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسد طور صاحب! آپ کی مرضی نہیں ہے کہ ٹہلتے ہوئے آئیں اور کہیں کہ اپنی درخواست واپس لے رہا ہوں۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پریس ایسوسی آف سپریم کورٹ (پاس) اور ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایک اعلامیے کا نوٹس لیا ہے جس میں دونوں تنظیموں نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے درجنوں صحافیوں کو نوٹسز بھجوانے پر اظہار تشویش کیا گیا تھا۔

صحافیوں کو ہراساں کرنے کے حوالے سے پی اے ایس کی درخواست پر اس کیس کو 2021 میں دائر ایک اور کیس کے ساتھ سنا جائے گا۔