مچھ : راکٹ فائراور فائرنگ،متعدد کےزخمی ہونیکی اطلاعات

کوئٹہ : ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں نامعلوم سمت سے متعدد راکٹ فائر اور فائرنگ کی گئی، ہلاکتوں کا خدشہ ہے، دھماکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پولیس کے مطابق پیر کی شب مچ میں قریبی پہاڑوں سے متعدد راکٹ فائر اور فائرنگ کی گئی، ریلوے پولیس اہلکار فیصل سمالانی، شہید گوکرت کے مقام پر ٹرک ڈرائیور عبدالمالک شاہوانی سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں ڈھاڈر، کوئٹہ کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، مختلف علاقوں میں راکٹ گرنے کے بعد شہر کی بجلی منقطع ہوگئی جس سے شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا، دھماکوں کے بعد فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی،حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان رات گئے تک وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

مچھ میں راکٹ گرنے کے واقعے کے بعد بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو روک دیا گیا۔ سپرٹنڈنٹ سینٹرل جیل مچ نے بتایا کہ مچھ میں راکٹ گرنے سے جیل کو کوئی نقصان نہیں ہوا، عمارت، قیدی اور عملہ محفوظ ہے، اطراف میں فورسز مکمل الرٹ ہیں، بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے ’’ایکس‘‘ پر بیان میں کہا ہے کہ مچھ میں پہاڑی علاقے سے کچھ راکٹ فائر ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں۔