اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ سوشل میڈیا پر عدلیہ کے خلاف مذموم مہم چلائی گئی جس پر نوٹس جاری کئے گئے، سوشل میڈیا پر صحافیوں اور یو ٹیوبرز کو ہراساں کرنے کا پرپیگنڈا کیا جا رہا ہے، کسی کو نوٹس جاری کرنا ہراساں کرنے کے زمرے میں نہیں آتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا کہ قانونی طور پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرنے کا اختیار ہے، ایف آئی اے نے 32 صحافیوں، یوٹیوبرز اور 22 سیاسی افراد کو نوٹس جاری کئے ہیں کہ وہ فلاں تاریخ کو اپنا موقف دینے کیلئےآئیں، ابھی تک یہ نوٹس برقرار ہیں، واپس نہیں ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت تنقید کو آئینی تحفظ حاصل ہے لیکن تنقید کے نام پر کسی کی تذلیل یا تضحیک کرنا آئین کے اس آرٹیکل کے دائرہ میں نہیں آتا۔
اخبارات میں کسی خبر کی تصدیق کیلئے گیٹ کیپر کا نظام موجود ہوتا ہے، جس کے تحت یہ تصدیق کی جاتی ہے کہ فلاں معلومات درست ہیں یا نہیں لیکن سوشل میڈیا پر کچھ یوٹیوبرز نے ایک نئی سیاسی معیشت تخلیق کر دی ہے کہ جو جتنا بڑا جھوٹ اور پروپیگنڈا کرے گا، اس کے ویوز اتنے زیادہ آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا قانون کی خلاف ورزی پر پی ٹی اے کسی بھی ویب سائٹ کو بند کر سکتا ہے۔