9مئی کیسز کو بھی جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے، محمود مولوی

کراچی : استحکام پاکستان پارٹی (سندھ) کے صدر اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 238 کے امیدوار محمود مولوی نے مچھ واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائفر کیس کی طرح 9مئی کیسز کو بھی جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ پارٹی سیکرٹریٹ میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے محمود مولوی نے کہا کہ 9مئی کو جو واقعات ہوئے، ان میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی اور انتخابات سے قبل ملوث افراد کو سزائیں ملنی چاہئیں۔

9مئی واقعات میں ملوث افراد ریاستی اداروں کو دھمکاتے رہے اور اس روز کے واقعات ملکی تاریخ میں سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت ملوث افراد کو سزا دے کر مثال قائم کرے۔ منگل کے روز خصوصی عدالت کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی کو 10، 10سال قید کی سزا سنائے جانے پر ردِ عمل دیتے ہوئے محمود مولوی نے کہا کہ بطور وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی کے پاس سے سائفر کا غائب ہونا ایک حساس معاملہ تھا، جس کا عدالت نے مناسب فیصلہ سنایا۔

سائفر جیسی حساس دستاویز تک رسائی اور پھر اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جانا، سنگین نوعیت کا جرم ہے، جس پر عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔دریں اثناء مچھ میں دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے محمود مولوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے برو قت کارروائی کرتے ہوئے 5دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔