کراچی: سندھ کے نگراں وزیر داخلہ اور جیل خانہ جات بریگیڈیئر (ر) حارث نواز سے یورپی یونین کے چار رکنی وفد نےملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری داخلہ اقبال میمن بھی موجود تھے۔ وفد نے انتخابات 2024 کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی طور پر امن و امان کے اقدامات اور آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر داخلہ نے وفد کو حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو شفاف طریقے سے انتخابات کرانے کے لیے مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بروقت، آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیر جانبدار رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹرز اور الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا نگران حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے مناسب طریقے سے اقدامات کر رہی ہے۔ یورپی یونین کے وفد نے مثبت انداز میں امید ظاہر کی کہ نگران حکومت، ای سی پی آئین پاکستان کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے میں کامیاب ہو جائے گی۔