انڈر 19 ورلڈکپ: پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

پوچسٹروم : آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر 6 مرحلے میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔انڈر19ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سپر 6 مرحلہ شروع ہو گیا اور گروپ اسٹیج میں مسلسل تین میچ جیتنے والی ٹیم پاکستان نے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔

اس سے پہلے پوچسٹروم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی شاندار بولنگ کی بدولت آئرلینڈ کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 181 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جان مک نیلی 53 اور ہیری 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے عبید شاہ نے 3، عامرحسن، علی رضا اور احمد حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں 182 رنز کا ہدف پاکستان نے 44 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، احمد حسن نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔