کراچی : منگل کی رات کو کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،منگل کونارتھ کراچی، ایف بی ایریا، احسن آباد، سپرہائی وے، نیو کراچی ملیر میں بھی بارش ہوئی۔ اورنگی ٹاؤن، کورنگی، لانڈھی، سُرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی میں بارش جبکہ صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، لیاقت آباد اور ایف بی ایریا سمیت ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بادل ضرور چھائے رہیں گے مگراب بارش کا امکان نہیں ہے۔ مغربی سسٹم کے تحت کراچی کےمضافاتی علاقوں میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش ہوئی۔پیرکی شام کراچی کے مضافاتی علاقوں گڈاپ ، بحریہ ٹاؤن، ایم نائن موٹروے، نوری آباد، کاٹھور، سپرہائی وے، ملیر، سرجانی میں برکھارت ہوئی تھی، گڈاپ میں سترہ اوربحریہ ٹاؤن میں دس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،لاہور،اسلام وآباد اورملک کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔ خیبر پختونخوا ، کشمیر ، خطہ پوٹھوہار اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی ۔ پنجاب اور بالا ئی سندھ کے بعض میدانی علاقے دھند /اسمو گ کی لپیٹ میں رہے۔
آ ج بدھ کے روز گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار ، اسلام آباد،با لا ئی پنجاب اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر، مر ی، گلیات ا ور با الائی خیبر پختو نخوا میں چند مقامات پر در میا نی سے تیز بارش/برفباری متوقع ہے ۔ ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کی صورتحال برقرار رہنے کے باعث منگل کے روز بھی موٹر ویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔محکمہ موسمیات نے آج سے 4 فروری کے دوران ملک میں مزید بارش ،برفباری جبکہ چند مقامات پر شدید بارش ،برفباری کی پیشگوئی کی ہے ،دو اور تین فروری کو موسلادھار بارش کے باعث بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔