توشہ خانہ ریفرنس،عمران خان اور بشری بی بی کو 14،14 سال قید کی سزا

 

راولپنڈی (اُمت نیوز) احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو 14،14 سال قید بامشقت کی سزاسنادی ۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ، عدالت نے اپنے فیصلے میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو چودہ ، چودہ سال قید بامشقت اور 787 ملین روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا ۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزبانی پی ٹی آئی کو سائفر کیس میں 10 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کو اسلام آباد کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں کرپشن کا مجرم قرار دیتے ہوئے 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، فیصلہ آنے کے فوراً بعد انہیں پنجاب پولیس نے لاہور میں واقع زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا تھا۔
بعد ازاں 29 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے بعد اٹک جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
تاہم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سابق وزیر اعظم کو جیل میں ہی قید رکھنے کا حکم دے دیا تھا۔
6 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔