پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر بھی عام انتخابات سے دستبردار

 

اسلام آباد (اُمت نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر حماد اظہر نے عام انتخابات سے دستبردار ی کا اعلان کر دیا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حماد اظہر اپیل کی پیروی نہیں کرنا چاہتے۔

جسٹس منصور نے سوال کیا کہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں 62 ون ایس کا حوالہ کیوں دیا؟ سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح ہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ازخود نہیں ہوتا۔

جسٹس منصور نے کہا کہ اپیل واپس لینے کی وجہ سے حماد اظہر کو فیصلے کا فائدہ نہیں ہو گا، جسٹس جمال نے کہا کہ لگتا ہے حماد اظہر سرنڈر نہیں کرنا چاہتے۔

بعد ازاں حماد اظہر کے وکیل نے عدالت سے اپیل واپس لے لی اور سابق وزیر نے انتخابات سے دستبرداری کا بھی اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما حماد اظہر این اے 129 سے آزاد امیدوار تھے۔