لاہور: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم جمہوریت پسند ہیں، سابق وزیرِ اعظم کی سزا پر جشن نہیں منا سکتے، میں وزیراعظم بنا تو اشرافیہ کو تکلیف اور عوام کو ریلیف دوں گا، بشریٰ بی بی کے جیل جانے پر دلی افسوس ہے۔مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سابق وزیرِ اعظم کے الیکشن نہ لڑنے پر اس کے مخالف جشن منا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب چوتھی بار وزیرِ اعظم بنے تو یہی پرانی انتقامی سیاست کریں گے، کیا میاں صاحب ووٹ کو عزت دلا سکے؟ نواز شریف نے بھٹو کی بیٹی کے خلاف جعلی کیسز بنائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے نوجوانوں کو امید دلائی مگر پھر یوٹرن کی سیاست کی، 2013ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو دہشت گردوں نے الیکشن لڑنے کا این او سی دیا، بانی پی ٹی آئی بھی نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے آرہے تھے۔، سب کورلانے والا آج خود جیل میں رو رہا ہے ،میاں صاحب سے پوچھیں آپ چوتھی بار ایسا کیا کرنا چاہتے ہیں جو آپ نے پہلے تین بار نہیں کیا ،پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ، آج نواز شریف اور عمران خان مکافات عمل کاشکار ہیں ، بلاول بھٹونے کہا کہ کیا مولانا فضل الرحمٰن آپ کے پاس آئے ہیں؟ سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں کی وجہ سے دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں، کبھی برداشت نہیں کروں گا کہ دہشت گرد دوبارہ ملک پر مسلط ہوں ۔انہوں نے کہا کہ جانتا ہوں آج کل پی ٹی آئی کے کارکن جذبات میں ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو دس سال کی سزا ہوئی سزائے موت بھی ہو سکتی تھی ،ان کے وکلاء عدالت ہی نہیں آتے تھے، بانی پی ٹی آئی کو ان کے اپنے لوگوں نے پھنسایا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کل 2فروری کو جیکب آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔مزید برآں سابق صدر آصف زرداری نے اسلام آباد میں ملاقات کرنے والوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کے لیے حکمت عملی پر کام جاری ہے، الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کسی بھی پارٹی سے اتحاد کرسکتی ہے۔ یہ طے ہے جس جماعت کے پاس اکثریت ہوگی پہلے اسے حکومت کا موقع دیا جائے گا۔آزاد امیدواروں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ آزاد امیدوار سب کے لیے اہمیت اختیار کرجائیں گے، اس بار پیپلز پارٹی پورے پاکستان سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ نشستیں لے گی اور پیپلز پارٹی واحد جماعت ہوگی جو چاروں صوبوں سے نمائندگی حاصل کرلے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں آکر اچھی روایات کی بنیاد ڈالیں گے، میں جب صدر تھا جب کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، پیپلز پارٹی اوروں کی طرح سیاسی انتقام پریقین نہیں رکھتی۔