51ویں سی ٹی پی کے زیر تربیت افسران کا ایف بی آرہیڈ کوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد(اُمت نیوز) 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام (CTP) کے زیر تربیت افسران نے اپنی پری سروس ٹریننگ سرگرمیوں کے ایک حصہ کے طور پربدھ کے روزفیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس بیچ میں 96 خواتین سمیت 236 افسران شامل تھے۔ زیر تربیت افسران کے ایف بی آرہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیااور اُنہیں بریفنگ کے لئے آڈیٹوریم لے جایا گیا۔

ممبر ایڈمنسٹریشن سید ندیم حسین رضوی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر، ممبر کسٹمز آپریشنز ڈاکٹر فرید اقبال قریشی اورریونیو ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

 

اس موقع پرممبر ایڈمنسٹریشن نے زیر تربیت افسران کو ایف بی آر کے سٹریکچر،اور کام کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔اُنہوں نے محصولات جمع کرنے کے نظام اور ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کے لئے اُٹھائے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ندیم حسین رضوی نے زیر تربیت افسران کے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

زیر تربیت افسران نے ڈویژن کے مختلف ونگز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ایف بی آر کے کام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیااور ٹیکس سسٹم کو سمجھنے کے لئے سوالات بھی پوچھے۔بعد ازاں زیر تربیت افسران میں سوونیئر بھی تقسیم کئے گئے۔