راولپنڈی: اڈیالہ جیل کو اڑانے کی دھمکی دینے والے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ،نامعلوم کالر نے اپنا تعلق افغانستان سے بتایا۔تھانہ صدر بیرونی پولیس کو اے ایس آئی سجاد حیدر نے بتایا کہ بطور لائن آفیسر اڈیالہ جیل راولپنڈی تعینات ہوں، مورخہ 30 جنوری 2024 کو دن دوبج کر تیس منٹ پر کنٹرول روم ٹیلی فون جس پر سی ایل آئی لگی ہوئی ہے پر ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی جو آپریٹر محمد ندیم نے وصول کی۔
ندیم آپریٹر نے ٹیلی فون کا اسپیکر آن کیا تو نامعلوم کالر نے اپنا تعلق افغانستان سے ظاہر کرتے ہوئے سنٹرل جیل راولپنڈی کو تین یوم کے اندر اندر اڑانے کی دھمکی دی جس کی اطلاع اس نے فوراً مجاز افسران کو دی کچھ دیر بعد دوبارہ سے کنٹرول روم پر کال موصول ہوئی جو بھی محمد ندیم آپریٹر نے کال وصول کی اور ٹیلی فون کا اسپیکر بھی آن کیا تو دوبارہ نامعلوم شخص نے قریب چار بج کر پندرہ منٹ پر دوبارہ دھمکی دی کہ وہ تین یوم کے اندر سنٹرل جیل اڈیالہ کو اڑا دیں گے اور تمام اشخاص کو فنا کر دیں گے۔ لائن افسر کے مطابق یہ دونوں دھمکی آمیز کالیں میں نے اور ندیم آپریٹر نے خود سنی ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔