اسلام آباد: بلوچستان کے علاقے ”مچھ“ میں سیکیورٹی فورسز کے کلئیرنس آپریشن کی مزید تفصیلات سامنے آ گئیں، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کاروائیوں نے ان حملوں کو ناکام بنایا جس کے نتیجے میں دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔دہشتگردوں کے خلاف 30جنوری کو کئے گئے آپریشن کے دوران9 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کے کلئیرنس آپریشن کے دوران مزید 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔کلئیرنس آپریشن کے دوران اب تک مجموعی طور پر 21دہشتگرد جہنم واصل ہوچکے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردو ں کے خلاف علاقے میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔آخری دہشتگرد کے خاتمے اور عوام کی سیکورٹی کو یقینی بنانے تک سیکیورٹی فورسز کا کلئیرنس آپریشن جاری رہے گا۔ سی ٹی ڈی نے ہلاک ہو نے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ ،گولہ بارود اوردھماکہ خیز مواد بر آمد کر کے قبضے میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے کلیئرنس کے دوران یرغمال بنائے گئے 7 شہریوں کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا مزید کارروائی جا ری ہے۔ جبکہ مچھ، بولان میں دہشت گردوں کےخلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے 2 جوانوں، ریلوے پولیس کے اہلکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز مچھ میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے لانس نائیک رحمت اللہ اور سپاہی محمد زمان کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسروں، جوانوں اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ 30 سالہ شہید لانس نائیک رحمت اللہ کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا، 28 سالہ شہید سپاہی محمد زمان کا تعلق ٹانک سے تھا، دونوں شہدا کی نماز جنازہ ایف سی بلوچستان نارتھ ہیڈکوارٹرز میں ادا کی گئی۔ شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کے لئے روانہ کر دیئے گئے ہیں جہاں ان کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی۔
دریں اثناءریلوے پولیس کے اہلکار شہید فیصل سمالانی کو سریاب روڈ کوئٹہ میں پولیس اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ ریلویز پولیس کے افسروں نے کانسٹیبل فیصل کی شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ڈی آئی جی ساو¿تھ عبداللہ شیخ نے کوئٹہ میں شہید کانسٹیبل فیصل سمالانی کے گھر کا دورہ کیا، شہید کانسٹیبل فیصل کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ڈی آئی جی نے شہید کانسٹیبل کے گھر والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ شہید فیصل سمالانی کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید کے لواحقین کو محکمے کی طرف سے تین لاکھ روپے کا چیک بھی دیا گیا۔