عام انتخابات ہر صورت8 فروری کو ہی ہوںگے،الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی جانب سے عام انتخابات 2024 ہر صورت 8 فروری کو کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نگران وزیرداخلہ گوہر اعجاز، آئی جی خیبر پختونخوا ، آئی جی بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں شرکاء کو سکیورٹی معاملات کے حوالے سے بریفنگ دی  گئی اور ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں خصوصی سکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگرن وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے، عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، انتخابات کیلئے سکیورٹی فراہم کریں گے۔نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی کے واقعات ڈرانے کیلئے کیے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں پیش آنے والے واقعات کا تعلق الیکشن سے نہیں بلکہ یہ دہشت گردی کے واقعات ہیں، بلوچستان میں کسی قسم کی کوئی سیاسی پولزائزیشن نہیں بلوچستان میں ہمارا زیادہ بڑا چیلنج دہشت گردی ہے، سیکیورٹی ادارے جس طرح ملک کی حفاظت کر رہے ہیں وہ قابل فخر ہے۔