دھماکے کی اطلاع پر بم اسکواڈ عملہ، فرانزک ٹیم اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، فائل فوٹو
دھماکے کی اطلاع پر بم اسکواڈ عملہ، فرانزک ٹیم اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، فائل فوٹو

کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر دھماکا، 5 افراد زخمی

کوئٹہ:صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے اور سیکیورٹی اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سریاب روڈ نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب تھا جس کے پھٹنے سے ایک سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو ٹیمز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کے باوجود ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو اپنے وقت پر ہوں گے۔