کراچی: الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کی دیوار کے قریب زور دار دھماکہ ہواہے،دھماکہ کی اطلاع ملنے پرپولیس رینجرکی بھاری نفری نے الیکشن کمیشن آفس کا محاصرہ کرلیا اوربم ڈسپوزل اسکواڈ کوطلب کرلیا گیا،دھماکہ اتنا زور دارتھاجس کی آواز صدر اور اطراف کے علاقوں میں سنی گئی۔تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوع پرپہنچ کرمقام کو سیل کر کے شواہد جمع کئےابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ دھماکے میں 500 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا،بارودی مواد دیسی ساختہ تھا،دھماکا خیز مواد شاپنگ بیگ میں الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر رکھا گیا تھا، رش نہ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا،عام انتخابات کے موقع پردھماکہ تخریب کاری قراردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ مکمنہ طور پر دھماکہ خوف پھیلانے کے لئے کیا گیا تھا،دھماکا خیز مواد میں بال بیرنگ موجود نہیں تھے۔قبل ازیں کراچی کے علاقے صدرمیں واقع الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے پاس دھماکہ کی اطلاع پرخوف وہراس پھیل گیا اوردھماکے کی آوازسے پولیس اورسیکیورٹی اداروں میں کھلبلی مچ گئی،دھماکے کی ابتدائی اطلاع پرپولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کی شدت اور نوعیت کا تعین کیاجارہاہے۔
بعد ازاں کچھ دیربعد دھماکے کی اطلاع پر پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کردیا جبکہ بی ڈی ایس کو بھی فوری طور پر طلب کرلیا گیا،پولیس نے الیکشن کمیشن کے قریب دھماکہ کے بعد جائے وقوعہ سے ایک لڑکے کوحراست میں لے لیاہے۔ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ٹائمر بھی ملا ہے، یہ کسی قسم کی شرارت ہو سکتی ہے،مزید چھان بین کی جا رہی ہے، علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے شاپر رکھنے والے ملزم یا ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پونے 8 بجےدھماکا ہوا۔