راولپنڈی:عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج دوپہر ایک بجے سنایا جائے گا۔ سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں غیر شرعی نکاح کیس کی 14 گھنٹے طویل سماعت کی اور دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔استغاثہ کے چاروں گواہوں پر جرح کا عمل مکمل ہوگیا۔ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل سلمان اکرم راجہ نے گواہوں سے جرح کی جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل نے گواہوں پر جرح کی۔
گواہوں میں خاور مانیکا، عون چوپدری، نکاح خواں مفتی سعید اور ملازم لطیف عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا نے 342 کا بیان جمع کرادیا۔ جس میں 13، 13 سوالات کے جوابات دیے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان کی جانب سے سلمان اکرم راجہ نے جوابات تحریر کرائے۔عدالت میں 342 کے بیانات کے بعد شکایت کنندہ کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے حتمی دلائل دیے جبکہ ملزمان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے شہادت صفائی اور دلائل پیش کیے اور ایک گواہ کو پیش کرنے کی اجازت مانگی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ’گواہ بشریٰ بی بی کے گھر کا ایک فرد ہے، اُس کا نام نہیں بتاؤں گا البتہ اُسے عدالت لانے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے شہادت صفائی میں گواہ پیش کرنے کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو آج دوپہر کو اڈیالہ جیل میں سنایا جائے گا۔