کوئٹہ : 6 بم دھماکوں کے بعد موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

کوئٹہ : بلوچستان میں جمعہ کو بھی انتخابی مہم اور امیدوار دہشت گردوں کے نشانے پر رہے بم دھماکوں سمیت دہشت گردی کے سات واقعات ہوئے جن میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوئے جبکہ دو بموں کو ناکارہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں تین دنوں میں چھ بم دھماکوں  کے بعد موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

محکمہ داخلہ بلوچستان ذرائع کے مطابق پابندی پانچ فروری تک برقرار رہے گی تاہم خواتین، بچے اور بزرگ شہری اس پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر شیر جان اسٹاپ کے قریب صبح اور شام کو دو دھماکے ہوئے جس میں آزاد انتخابی امیدوار کے دفتر پر دستی بم حملے میں چار افراد زخمی ہوئے۔

ڈیرہ بگٹی کے علاقے پٹ فیڈر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں متعدد مال مویشی ہلاک ہوئے۔ پنجگور تربت خاران نوشکی میں اہم سیاسی شخصیات و انتخابی امیدواروں کے گھروں، انتخابی مہم اور دفاتر پر دستی بموں سے حملے کئے گئے۔

مند میں آزاد امیدوار فدا حکیم کے قافلے پر فائرنگ کی گئی جس کے باعث قافلے میں شامل تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نوشکی میں پولیس تھانے پر دستی بم حملہ کیا گیا۔ جیونی میں سرکاری اسکول پر دستی بم حملے میں چھت کو نقصان پہنچا۔ قلات میں بھی انتخابی دفتر کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا جبکہ بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکورٹی فورسز نے دو خطرناک بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دئیے۔