اسلام آباد: نگران حکومت نے ایک سیاسی جماعت کی ٹرول بریگیڈ کی جانب سے سینئر صحافی غریدہ فاروقی کو ہراساں کرنے کی بدنیتی پر مبنی مہم پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا لوگوں کے گھروں کے پتہ جات اور پرائیویٹ فون نمبرز لیک کرنا تشدد اور ہراساں کرنے کے مترادف ہے جسے قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، مجرمان اور ان کے ہینڈلرز قانون کے مطابق سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔