کراچی(اُمت نیوز) سولر پینل امپورٹ سکینڈل کے مرکزی ملزم رب نواز کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کسٹم کورٹ کراچی میں ضمانت کیلئے کئی گھنٹے تک چھپا رہا۔
تفصیلات کے مطابق 73 ارب روپے کے سولر پینل امپورٹ سکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، کسٹم کورٹ کراچی سے مرکزی ملزم رب نواز کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا گیا۔کسٹم حکام نے بتایا کہ مرکزی ملزم رب نوازکسٹمز کورٹ کراچی میں کئی گھنٹے چھپا رہا اور گرفتاری سے بچنے کےلئے ضمانت حاصل کرنے کی کوششیں کرتا رہا جبکہ جج کے چلے جانے کے باوجود عدالت میں کئی گھنٹے موجود رہا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری سے سولر پینل امپورٹ سکینڈل میں مزید تحقیقات ہوسکیں گی، ٹیکس چوری کا ملزم صرف تیس ہزار کی تنخواہ پر تھا اور ملزم نے سولر پینل کی آڑ میں تہتر ارب روپے کی ٹیکس چوری کی اور اثرورسوخ استعمال کرتا رہا۔کسٹم حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے کسٹم حکام سے چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ اور ممبر کسٹم نے بھی بھرپور تعاون کیا۔سولر پینل کی امپورٹ میں تیس ارب سے زائد کی ٹیکس چوری میں بےنامی بھی ہے، کسٹم حکام نے ساڑھے چار سو کمپنیوں کے اکاونٹس کی چھان بین کی ۔ جس میں اسی امپورٹرز کو ہائی رسک قرار دیا گیا اور تریسٹھ کمپنیوں نے اوور انوسئسنگ کی۔