کراچی(اسٹاف رپورٹر ) گزشتہ رات موسلادھار بارش اور حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی فراہم کرنے والے حب کینال میں شگاف پڑگیا، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شگاف پڑنے کے باعث حب کینال سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے جبکہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے واٹر کارپوریشن حکام کو حب کینال کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیے، ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام اگلے 72 گھنٹوں میں مکمل ہوگا، واضح رہے کہ حب کینال میں شگاف پڑنے کے باعث ضلع غربی اور ضلع کیماڑی میں حب کینال سے پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی جبکہ متعلقہ علاقوں میں کے تھری کی متبادل لائن سے پانی کی فراہمی کی جائے گی، ترجمان واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے التماس کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔