اصل مقابلہ ن لیگ اور پی پی میں،ہمیں شیر کاراستہ روکنا ہوگا،بلاول

حیدرآباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرنا چاہتی ہیں، دیگر جماعتیں مذہبی تقسیم، فرقہ واریت اور لسانیت کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں،پیپلزپارٹی نفرت کی سیاست کو دفن کرنا چاہتی ہے، ایک جماعت ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہے، انہیں صرف یہ احساس ہے کہ کسی نہ کسی طرح چوتھی مرتبہ وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنا ہے، اب مقابلہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں ہے، عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بننے کی سازش کو ناکام بنائیں، وہ حیدرآباد کے شہید ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلیکس میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب مقابلہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں ہے، ووٹ کو ضائع نہیں کرنا ہے، ہمیں شیر کا راستہ روکنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے حیدرآباد کی ہر سیٹ چاہئے، شہر کےچپہ چپہ پر خود کام کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ایک جماعت کہتی ہے کہ ساڈی گل ہو گئی اے ، ہم ان کو کہتے ہیں کہ ساڈی وی گل ہو گئی اے۔ جلسہ سے پیپلزپارٹی کے رہنماء جام خان شورو، علی محمد سہتو، عاجز دھامراہ، شگفتہ جمانی، فرید قریشی، وسیم راجپوت اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔