عوام ووٹ سےموروثی سیاست،ظلم،ناانصافی کانظام دفن کردیں،سراج الحق

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت سے موروثی سیاست اور ظلم و ناانصافی کے نظام کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں،عوام تبدیلی چاہتے ہیں، لوٹ مار ،کرپشن اور عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کو مسترد کردیں۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ گزشتہ روز لیاقت باغ راولپنڈی میں انتخابی جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان پر کرپٹ مافیا کا قبضہ ہے، قیام پاکستان سے لے کر آج تک اس ملک کو اس کی حقیقی منزل سے دور لے جانے کی کوشش کی گئی ہے، ملک میں کرپشن، لوٹ مار کا بازار گرم ہے، موروثی سیاست نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ لوگ روایتی سیاسی جماعتوں سے متنفر ہوچکے ہیں متبادل آپشن جماعت اسلامی ہے، عوام اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں اور ترازو پر مہر لگا ئیں۔

انہوں نے کہا کہ باریاں لینے والوں نے عوام کی محرومیوں میں اضافہ کیا ، ماضی کے حکمرانوں نے غریبوں کے چولہے بجھادیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی بازیگر عوام کو پھنسانے کیلئے اب نئے جال بچھا رہے ہیں، عوام ان سیاسی بازی گروں سے ہوشیار رہیں اور ان کی چالوں کو ناکام بنا دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور پاکستان کو روشن خوشحال اسلامی و فلاحی پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کہا گزشتہ چالیس سال سے چند وڈیرے سرمایہ دار آپ پر مسلط ہیں اب کی بار ان سے جان چھڑانی ہے۔باشعور عوام پی پی پی اور مسلم لیگ ن کی سیاست کو پولنگ اسٹیشن میں دفن کردیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ 8فروری سابقہ حکمران جماعتوں کیلئے احتساب کا دن ہوگا ۔آئی ایم ایف،ورلڈ بینک کے نمائندوں کی سیاست ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ10 کروڑ عوام ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ناقص پالیسیوں اور کرپشن کے باعث غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں۔اب وقت آیا ہے کہ ایوانوں میں بادشاہوں کی بجائے عام آدمی کو موقع دیا جائے تاکہ ملک میں بسنے والے غریبوں،دہقانوں ،کسانوں ، طالبعلموں کا استحصال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پارٹی ٹکٹ نوجوانوں اور عام آدمی میں تقسیم کیا،8 فروری کو کامیاب ہوکر پاکستان کو بدامنی،مہنگائی،بے روزگاری اور امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، عمران شفیق ایڈووکیٹ امیدوار این اے 56،احمد رضا شاہ امیدوار پی پی13،وقاص خان امیدوار پی پی 16 و دیگر قیادت بھی موجود تھی۔ دریں اثناامیر جماعت اسلامی مقامی قائدین اور نوجوانوں کے ہمراہ ریلی کی شکل میں اسلام آباد پہنچے تو جلسہ گاہ اب کی بار ترازوکے نعروں سے گونج اٹھا۔اس موقع پر نصراﷲ رندھاوا، میاں محمد اسلم،کاشف چوہدری،ملک عبدالعزیزاور محمد زبیر صفدر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سراج الحق نے عوام سے وعدہ کیا کہ جماعت اسلامی کامیاب ہو کر انہیں قرآن و سنت کا نظام دے گی ۔انہوں نے کہا کہ 24ہزار فلسطینی شہید ہوگئے ،کشمیر میں ہندوستان نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی امریکہ کے خوف سے خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر سب سے پہلی ضرب سودی نظام معیشت پر لگائے گی، ہم عدالتوں میں قرآن کا نظام متعارف کرائیں گے۔ہم مسجد اقصیٰ اور کشمیریوں کی آزادی کا مقدمہ پوری جرات سے لڑیں گے، ڈاکٹر عافیہ کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔