بلاول آپ کیلئے کام کرے گا اور لڑے گا، آصفہ بھٹو

لاڑکانہ (اُمت نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نوعمر رہنما اور چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھتو کا کہنا ہے کہ آپ کا بنیادی حق صحت ہے، آپ امیر ہو یا غریب سب کو معیاری علاج ملنا چاہئے۔

لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ صرف پیپلز پارٹی غریب، مظلوم اور ضرورت مند کو اپنا مانتی ہے، لوگوں کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران بلاول آپ لوگوں کے ساتھ کھڑے تھے، بلاول کو حکومت ملتی ہے تو ملک بھر میں گھر بنائیں گے، 5 سال میں آپ کی تنخواہ دگنی کریں گے، 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے.

آصفہ بھٹو نے کہا کہ بلاول بھٹو آپ کیلئے کام کرے گا اور لڑے گا، باقی لوگ کرسی کی لالچ میں سیاست کررہے ہیں، موقع ملا تو پاکستان میں کچی آبادی کو ریگولرائز کریں گے۔

آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ ہم نے دل اور کڈنی کے علاج کیلئے مفت اسپتال بنایا، ہم نے گمبٹ میں کڈنی کا مفت اسپتال بنایا، ہم نے لاڑکانہ میں ریسکیو 1122 سروس شروع کی، ہم نے لاڑکانہ میں پیپلز بس سروس شروع کی، لاڑکانہ کے عوام ہرمشکل میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بلاول بھٹو 20 لاکھ گھر بنارہے ہیں، بلاول وزیراعظم بنتے ہیں تو پورے پاکستان میں 30 لاکھ گھر بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آپ کیلئے سیاست کررہی ہے، ہم آپ کی فلاح وبہبود کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لائے۔