امیرمقام اور فرین خان کے مابین سخت مقابلہ متوقع

شانگلہ :  قومی نشست این اے11 پر الحاج سید فرین خان اور انجینئر امیر مقام کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں شخصیات شانگلہ کی سیاست میں گزشتہ 22 برس سے سخت سیاسی حریف سمجھے جاتے ہیں۔ قومی اسمبلی کی نشست پر دونوں شخصیات جبکہ صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر انجینئر امیر مقام کے بھائی ڈاکٹر عباد اللہ اور الحاج سید فرین کے بھتیجے صدر الرحمن ایڈووکیٹ مد مقابل ہیں ، شانگلہ میں گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں ان دونوں شخصیات انجینئر امیر مقام اور الحاج سید فرین خان سیاسی مقابل ہیں۔ ان دونوں کے علاوہ شانگلہ میں پیپلز پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی سمیت مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتیں سرگرم ہیں تاہم شانگلہ میں گزشتہ 22 برسوں کے دوران انجینئر امیر مقام اور الحاج سید فرین خان مختلف پارٹیوں سے ایک دوسرے کے سخت حریف رہے ہیں تاہم ہمیشہ سے انجینئر امیر مقام آخر وقت میں گیم تبدیل کر کے میچ جیت جاتے ہیں،مختلف سیاسی جماعتیں جس میں عوامی نیشنل پارٹی،پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں ان دونوں پر الزامات لگا رہے ہیں کہ وہ شانگلہ میں کھلے عام ووٹوں کی خرید میں مصروف ہیں تاہم یہ دونوں رہنما ان الزامات کی تردید کرتے ہیں، بیشتر سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کہ انجینئر امیر مقام اور الحاج سید فرین خان شانگلہ کی سیاست میں پیسوں کے ذریعے عوام تک رسائی کر رہے ہیں جو شانگلہ کی سیاست پر کالا دبہ ہے۔