فائل فوٹو
فائل فوٹو

انتخابات شفاف نہیں ہوئے تو بہت بڑا نقصان ہو گا،خورشید شاہ

پنوعاقل: پیپلزپارٹی کے رہنما،این اے 201 کے امیدوار و سابق وفاقی وزیر خور شید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میں 1968 میں پیپلزپاٹی میں شامل ہو اتھا، سیاست میں 56 سال ہوگئے ہیں،حکومت وہ ہونی چاہئے جو عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو،منتخب حکومت ہی ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتی ہے،اگر انتخابات شفاف نہیں ہوئے تو بہت بڑا نقصان ہو گا،سیاست دان عوام کے دکھ اور سکھ کا ساتھی ہوتا ہے، مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہو نا اچھے سیاستدان کی نشانی ہے عوام ایسے رہنماء کو کبھی نہیں چھوڑتی ۔

یہ بات انہوں نے گل حسن شیخ ،شفیق احمد شیخ،بشیرشیخ کے زیراہتمام مرحوم حاجی الہیٰ بخش شیخ کے پلاٹ میں ایک انتخابی مہم کے دوران عوامی جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کہی اس موقع پر سابقہ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ خان دھاریجو ،پنوعا قل ٹائون کمیٹی کے سابقہ چیئرمین شبیر احمد شیخ ، سلیم غنی کلوڑ ،تقی خان دھاریجو ، ڈاکٹر آفتاب حسین سومرو ،سوشل ورکر عمران شیخ ،حاجی رحیم داد شیخ و دیگر موجود تھے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سیاست ایک کارکن کی حیثیت سے شروع کی اور قائد حزب اختلاف کے عہدے تک جا پہنچا یہ سب عوام کی محبت ہے، پیپلزپارٹی اقتدار کی بھوکی نہیں ہے بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ملک سے مہنگائی ،بے روزگاری جیسے مسائل ختم ہوں نوجوان بر سرروزگار ہوں،عوام کو صحت کی سہولتیں میسر ہوں،پیپلزپارٹی نے موت کو شکست دی اور پارٹی رہنمائوں نے عوام کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں پاکستان میں وسائل موجود ہیں لیکن اقتدار صحیح نہیں ملا پاکستان پیپلزپارٹی میں لوگ شمولیت اختیار کر رہے ہیں یہ ہماری بڑی کامیابی ہے کسان کارڈ جلد از جلد دے کر کسانوں کو رلیف دیا جائے گا ۔