سپریم کورٹ: چیف جسٹس رواں ہفتے صرف2روزمقدمات کی سماعت کرینگے

اسلام آباد: یوم یکجہتی کشمیر اور عام انتخابات کی دوسرکاری چھٹیوں اوردیگر مصروفیات کے باعث چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ رواں ہفتے صرف دوروز مقدمات کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ بدھ کے روز 10مقدمات کی سماعت کرے گا جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل دورکنی بینچ 9فروری جمعہ کے روز 8مقدمات کی سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل دورکنی بینچ آج (منگل)کے روز12مقدمات کی سماعت کرے گا،جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اﷲ پر مشتمل دورکنی بینچ بدھ اور جمعہ کے روز 12،12مقدمات کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دورکنی بینچ اور جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید پر مشتمل دورکنی بینچ 6،7اور9فروری کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بالتریب 44اور43مقدمات کی سماعت کریں گے۔

جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل دورکنی بینچ اور جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اورجسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل تین رکنی بینچ 6،7اور9فروری کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بالترتیب34اور40مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے۔